اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے ضلع پشین میں ایک ٹرک سے 400 کلو گرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان ٹرک بیڈ میں چھپائی گئی مذکورہ مقدار میں منشیات گلستان کے علاقے سے اندرون سندھ اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
’پشین میں یارو ریلوے کراسنگ کے قریب مشکوک ٹرک کی تلاشی کے دوران ٹرک کے پچھلے حصہ میں چپھائی گئی 400 کلوگرام چرس برآمد کرکے دورانِ کارروائی کوئٹہ کے رہائشی تین ملزمان گرفتار کرلیا ہے۔‘
ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان میں منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی جاری ہیں۔
’گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کوئٹہ میں میر احمد روڈ پر واقع فلیٹ پر اے این ایف کا چھاپہ مارا جس میں فلیٹ سے 40 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم گرفتار کیا گیا۔‘
اے این ایف کی ایک اور کارروائی کے دوران چمن میں پاک افغان بارڈر کے قریب ملزم سے 2 کلو 290 گرام مشکوک مواد برآمد کیا گیا۔ چمن، پنجگور اور نوکنڈی سے بالترتیب 68 لیٹر ہائیڈروکلورک ایسڈ، 17 کلو چرس اور 60 کلو افیون برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمدشدہ منشیات بیرون ملک اسمگلنگ کی غرض سے غیر آباد علاقے میں ذخیرہ کی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔