حکومت کی جانب سے انفارمیشن کمشنر مقرر کیے گئے حذیفہ رحمان کون ہیں؟

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صحافی حذیفہ رحمان کو انفارمیشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس فیصلے کو آڑے ہاتھوں لیا۔

 حذیفہ رحمان کی تقرری کو موضوع بحث بنا کر صارفین کی جانب سے تنقیدی اور تعریفی تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آتے ہی من پسند لوگوں کو عہدے سے نوازنا شریف خاندان کو خوب آتا ہے۔ وہیں چند صارفین یہ بھی کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ یہ ایک بہترین تقرری ہے اور حذیفہ رحمان نے بہت کم عرصے میں اپنی جگہ خود بنائی ہے۔

صحافی ثناءاللہ  نے ٹوئیٹ  کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حذیفہ رحمان کو انفارمیشن کمشنر مقرر کر دیا ہے، یہ بالکل ایک جج کی طرز کی پوسٹ ہے اور اقرباء پروری اس وقت عروج پر ہے۔

ٹوئٹر پر مختلف افراد نے حذیفہ رحمان کی تقرری کو نامناسب قرار دیا اور حکومت کو تجویز دی کہ سرکاری محکموں سے متعلق معلومات دینے کی پوزیشن پر کسی سیاسی شخصیت کی تقرری کا حکم واپس لیا جانا چاہیے۔

حیدر نامی صارف نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اگر حذیفہ رحمان سے اتنی محبت تھی تو اس کو وزیر یا مشیر بنا دیتے، انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقرری کر کے قوم پر کیوں ظلم کیا جا رہا ہے کیا آپ نے کبھی پڑھا ہے کہ انفارمیشن کمشنر کی ذمہ داریاں کیا ہوتی ہیں؟

انعام اللہ خٹک نے اس تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حذیفہ رحمان بلاشبہ ایک اچھا انتخاب ہیں اور انفارمیشن کمشنر کی حیثیت سے ایک رپورٹر بہتر طریقے سے معلومات نکال سکتا ہے۔

عثمان غنی نامی صارف تنقید کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ حذیفہ رحمان ’ شہباز سپیڈ‘ کی اصطلاح متعارف کرانے والا شخص ہے جس کو اس عہدے سے نواز دیا گیا ہے۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کیا یہ پوسٹ حذیفہ رحمان کے لیے بنائی گئی ہے کیونکہ اس سے قبل ایسی کسی پوسٹ کے بارے میں ہم نے نہیں سنا۔

https://twitter.com/shahnazkhalidd1/status/1666328715838488576?s=20

حذیفہ رحمان کو محنت کا پھل مل گیا ہے، وہ اپنے کالم میں بھی لکھ چکے ہیں کہ رنجیت سنگھ کے بعد اگر پنجاب میں کوئی حکمران آیا ہے تو وہ شہباز شریف ہی ہے، ایسا کہنا ہے ایک ٹوئیٹر صارف کا، وہ مزید لکھتے ہیں کہ اسی لیے انہوں نے شہباز شریف کو شہباز اسپیڈ کا لقب بھی دیا۔

حذیفہ رحمن کی بطور انفارمیشن کمشنر تقرری پر کچھ صارفین نے انہیں مبارکباد بھی دی۔

 

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp