حکومت اور عوام روس کے ساتھ تعلقات میں فروغ چاہتے ہیں، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام روس کے ساتھ ہر قسم کے باہمی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے روسی فیڈریشن کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر پیوٹن نے پاکستان اور روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے، دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ روسی پارلیمنٹ سے خطاب کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

صادق سنجرانی نے روسی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روسی تاجروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پاک روس تعلقات میں یہ پیش رفت دونوں ممالک کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لیے مل کر کوششیں کرنی چاہیے، پاکستان ہمیشہ یہی توقع رکھتا ہے ہر ملک عالمی امن کے لیے کام کرے۔

انہوں نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ روس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے
درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری سے دوستی مزید گہری ہوگی اور مزید ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے روسی حکام کی جانب سے اپنے اور اپنے پارلیمانی وفد کے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے روسی صدر اور ان کے وفد کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp