سوات : مسلح افراد کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

جمعرات 8 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوات میں پولیس پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 اہلکار جاں بحق جبکہ نجی بینک کا سکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا۔

سوات پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح مینگورہ میں سبزی منڈی میں ڈیوٹی پر مامور پولیس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ جس سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے، جبکہ فائرنگ سے ایک نجی بینک کا سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد حملہ اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں اور زخمی سکیورٹی گارڈ کو سیدو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ پولیس اہلکاروں کی شناخت عمرا خان اور اشرف علی ساکنان بالترتیب امانکوٹ و رحیم آباد شہید ہوئی۔ جبکہ بینک کا سیکیورٹی گارڈ موسیٰ خان ساکن سنگوٹہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور شرپسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

کالعدم تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے سوات پولیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریک نے سبزی منڈی میں پولیس کو نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے سوات کا دورہ کیا تھا اور پولیس کی جانب سے سوات میں سرگرم کالعدم تحریک طالبان کے 2دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا جو پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔

آئی جی پولیس خیبر پختونخوا نے بتایا تھا کہ سوات میں دہشتگرد سرگرم ہیں اور مالاکنڈ میں موسم گرما میں سیاحت کا سیزن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp