’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا باضابطہ اعلان: تحریک انصاف میں ہمارا مشن پورا نہ ہو سکا، جہانگیر ترین

جمعرات 8 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے اپنی راہیں جدا کرنے والے رہنماؤ ں کی جانب سے باضابطہ طور پر نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا اعلان کر دیا گیا۔ جہانگیر ترین نے نئی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی  منشور  پڑھ کر سنایا۔

جہانگیر ترین استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے، مقدمات ختم ہونے کے بعد وہ  استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین بن جائیں گے، جب کہ علیم خان نئی سیاسی جماعت کے صدر ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے متعدد منحرف رہنماؤں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے ان میں علی زیدی، فواد چوہدری ، نوریز شکور، جے پرکاش، فردوس عاشق اعوان، خرم روکڑی، تنویر الیاس، فیاض الحسن چوہان، عمران اسماعیل و دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔

لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والی پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے پارٹی منشور پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ  ہم آج ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں ہمارا یہی مشن رہا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، ان کا کہنا تھا کہ میں روایتی سیاست دان نہیں تھا، سیاست میں کسی مقصد کے لیے آیا تھا، یہی وہ نظریہ تھا جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا۔

ہم نے تحریک انصاف کو بھرپور قوت بنانے کی کوشش کی، پاکستان کی ترقی ہم سب کا منشورتھا، بدقسمتی سے تحریک انصاف میں ہمارا مشن پورا نہ ہو سکا، وہاں یہی نعرہ تھا کہ ہم نے احتساب کرنا ہے، بیرونی دُنیا سے اچھے تعلقات قائم کرنا ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے 9 مئی کے واقعات رونما ہوئے جس میں ملک کے ساتھ جو بھی ہوا وہ انتہائی برا ہوا۔

آج اگر ہم 9 مئی کے کرداروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچا سکے تو کل کو سیاسی رہنماؤ ں کے گھروں پر حملے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں یہ بات سامنے آ جائے گی کہ ہم نے تحریک انصاف میں کس قسم کا کردار ادا کیا۔ ہم نے تحریک انصاف میں ایسی محنت کی جس سے ملک نے نا صرف ترقی کی بلکہ اصلاحات بھی لائے۔ 9 مئی کے واقعات نے سیاست کا رخ ہی بدل دیا۔

ملک میں ایسی قیادت لانا چاہتے ہیں جو مایوس عوام کو’امید‘ کا بیانیہ دے: جہانگیر ترین

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے سنجیدہ کوشش کریں گے۔ اس ملک پر جتنے بھی زخم لگے ہیں ہم سب مل کر اس پر مرہم رکھیں گے۔ اتحاد اور رواداری کو بڑھائیں گے۔ ایسی قیادت لانا چاہتے ہیں جو مایوس عوام کو امید کا ’بیانیہ‘ دے۔ ایسی قیادت لانا چاہتے ہیں جو ملک کو ترقی پر لے آئے، اس لیے آج نئی پارٹی لا رہے ہیں اس پارٹی میں بھی ہمارا مشن واضح ہے۔

آئینی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے سے ہی ملک مضبوط ہو سکتا ہے: جہانگیر ترین

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات  پر اتفاق کرتے ہیں کہ سیاست کو ایک نئی سمت پر لانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ ہماراجمہوری نظام اسی صورت مضبوط ہو سکتا ہے جب ہم آئینی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اس پر عمل بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والوں دنوں میں ’استحکام پاکستان پارٹی‘ میں مزید لوگ  شامل ہوں گے۔ اس وقت جو لوگ شامل ہوئے ہیں ان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ آئندہ الیکشن میں بہترین نتائج دیں۔

ہم ملک میں برآمدات کو بڑھائیں گے۔ آئی ٹی کے شعبے کو بہتر کریں گے۔ زراعت کو بڑھائیں گے۔ نوجوانوں اور محروم طبقات کی آواز بنیں گے۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں اللہ ہمیں ملک کی خدمت کرنے کی توفیق دے اور قائد اعظم کے پاکستان کو آگے لے جا سکیں۔

قبل ازیں پارٹی کے اعلان سے پہلے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا، اس موقع پر موجود تما تمام افراد قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہو گئے۔

اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ پچھلے بارہ12 سال میں ایک ہی پلیٹ فارم پراکٹھے رہے، کسی نے 30 سال لگائے, کسی نے 20 سال، پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) میں جو خواب دکھائے گئے تھے ان خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کردارادا کرنے کی کوشش کی۔

ہمارا مشن پاکستان کو انتشار سے بچانا ہے: علیم خان

ان کا کہنا تھا کہ آج کے حالات میں پاکستان کے مسائل کا حل ایک خوبصورت ترقی یافتہ پاکستان بنانا ہے، پاکستان کو انتشار سے بچانا ہے، یہ انتشار پاکستان کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے بری خبر ہے، اس کو ہم نے ختم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پارلیمان، عدلیہ اور دیگر ادارے ایک ہی پیج پر ہوں اور ہم مل کر درست فیصلے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے  فیصلہ کیا ہے کہ جہانگیر ترین کی سربراہی میں ہم سب مل کر پاکستان کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ جو لوگ آئندہ سیاست سے پریشان تھے وہ سب یہاں پر آج اکٹھے ہو گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp