خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں خوفناک ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریسکیور 1122کے مطابق حادثہ لواری کے قریب عشریت کے مقام پر پیش آیا۔ جہاں دیر سے چترال جانے والی ہائیلکس ڈاڈسن میں پاک افغان بارڈر کے قریب گاؤں ارندو میں حادثے کا شکار ہوکر کھائی میں جاگری۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں مواقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو دروش منتقل کر دیا، جب کہ زیادہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو چترال منتقل کیا گیا۔
چترال پولیس کے ایک اہلکار نے وی نیوز کو بتایا کہ گاڑی میں 18 افراد سوار تھے جو دیر سے اپنے گاؤں آرہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 5 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جب کہ 3 اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 2 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔ پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی بریک فیل ہونے سے حادثے کا شکار ہوئی، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔