جناح ہاؤس لاہور میں دہشت گردی پھیلانے والے ایک اور شر پسند کی شناخت کر لی گئی ہے جس نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ جب 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تو زمان پارک میں یہ پہلے سے طے شدہ تھا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ہم نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنا ہے۔
عاشق خان تحریک انصاف کا فعال کارکن اور لاہور کا رہائشی ہے۔ 9 مئی کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاشق خان نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے دوران فوج کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے عمران خان کو جلد سے جلد رہا کرو ورنہ ہم اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے‘۔ شر پسند عاشق خان نے پی ٹی آئی کی قیادت میں لوگوں کو اکسایا اور ان کو کہا تھا کہ ’جناح ہاؤس کی طرف گامزن ہوں اور اس پر حملہ کریں۔‘
ملزم عاشق خان نے اپنے شرمناک اعترافی بیان میں کہا ہےکہ ’حملہ کرنے کی ہدایات ہمیں زمان پارک میں پہلے سے ملتی رہی ہیں کیونکہ جب سے خان کی حکومت گئی ہے تب سے پاک فوج کے خلاف ہماری ذہن سازی کی جاتی رہی اور ہمارے ذہن میں فوج سے نفرت کو ابھارا جاتا رہا ہے، ہمارے ذہنوں کو فوج سے نفرت کی طرف موڑا گیا یہی سوچ ہمیں جناح ہاؤس کی حدود میں لے گئی اور ہم اس پر حملہ آور ہوئے تھے۔‘