منیر اکرم نے اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی

جمعہ 3 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ دنوں پشتون ثقافت کے حوالے سے اپنے متنازع بیان پرمعافی مانگ لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں مینر اکرم  کا کہنا ہے کہ افغانستان پر انسانی حقوق کی بریفنگ کے دوران انکے کلمات سے ہونے والی دل آزاری پر وہ معذرت خواہ ہیں۔

گزشتہ دنوں اقوام متحدہ میں بریفنگ کے دوران منیر اکرم نے کہا تھا کہ طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کی تعلیم پر پابندیوں کا تعلق مذہبی نقطہ نظر سے زیادہ پشتون ثقافت سے ہے۔ جس کے تحت خواتین کو گھروں میں بیٹھنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ یہ افغانستان کی ایک مخصوص طرح کی ثقافتی حقیقت ہے۔ جو سینکڑوں سال سے نہیں بدلی۔

ان کے بیان کے بعد ٹوئٹر پر ان کے کلمات کے حوالے سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ اور سوشل میڈیا پر انہیں مستعفی ہونے کا بھی کہا گیا تھا۔ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ اسلام آباد نے منیر اکرم کے بیان اور ان کے نقطہ نظر کی وضاحت طلب کی ہے۔

اپنی معذرت خواہانہ ٹوئٹ میں منیر اکرم کا کہنا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی  کے حق سے انکار نہ تو اسلام میں ہے نہ ہی پشتون ثقافت میں۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی بات واضح نہیں کہہ سکے اور انکے الفاظ پاکستان کی پوزیشن کی صحیح ترجمانی نہیں کرسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp