موسم کی شدید خرابی کے باعث لاہور اور اسلام آباد میں فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر خراب موسم کے الرٹ میں رات ساڑھے گیارہ بجے تک توسیع کردی گئی ہے، جہاں حد نگاہ پانچ کلومیٹر تک ریکارڈ کی گئی تھی۔
گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 111 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی آندھی سے نظامِ زندگی متاثر ہو کر رہ گیا کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ طوفانی رفتار سے بارش نے جہاں دیگر معمولات زندگی کو تہس نہس کیا وہیں فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا۔
دبئی سے اسلام آباد کی دو پروازیں خراب موسم کے باعث دارالحکومت لینڈ نہ کرسکیں اور انہیں ملتان بھیجنا پڑا۔ ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو اسلام آباد پر اترنا پڑا۔ اسی طرح ریاض سے پشاور میں متوقع پی آئی اے کی فلائٹ کارخ پہلے اسلام آباد کی جانب موڑا گیا تاہم بعد میں موافق حالات میں واپس پشاور بلا لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جدہ سے لاہور کی پی آئی اے فلائٹ کو ملتان بھیجنا پڑا جب کہ پی آئی اے کی ہی لاہور سے مدینہ کی پرواز تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور سے جدہ جانیوالی سیرین ایئر کی پرواز آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ جب کہ لاہور سے ابوظبی جانے والی فلائٹ اتحاد ایئرویز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق دبئی سے لاہور آنے والی اتحاد ایئرویز کی پرواز کو ملتان جب کہ پی آئی اے کی شارجہ سے لاہور متوقع پرواز کو فیصل آباد اترنا پڑا۔ کراچی سے لاہور جانے والی فلائی جناح کی فلائٹ 9 پی 846 کا رخ اسلام آباد موڑا گیا۔
گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران ابوظبی سے اسلام آباد پی آئی اے اور اتحاد ایئر ویز کی دو پروازوں کا رخ ملتان جب کہ کراچی سے لاہور فلائی جناح کی پرواز کا رخ اسلام آباد موڑا گیا۔ اسی طرح کراچی سے لاہور پی آئی اے کی پرواز 35 منٹ جب کہ لاہور سے کراچی فلائی جناح کی پرواز دو گھنٹے 25 منٹ تاخیر کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوسکی۔