نواز شریف سے چھینی گئی حکومت ایک بار پھر واپس لیں گے، مریم نواز

اتوار 11 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ فتنہ اب اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ نواز شریف کے وطن واپس آتے ہی پاکستان ’ٹیک آف‘ کرے گا۔ نواز شریف سے چھینی گئی حکومت ایک بار پھر حاصل کریں گے۔

ملتان شجاع آباد میں یوتھ کونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اٹک قلعے کے زندانوں میں پھینکا گیا۔ 3 بار حکومت ختم کی گئی مگر ایک بار بھی نواز شریف نے یہ نہیں کہا کہ فلاں چیز کو آگ لگا دو، فلاں چیز کو توڑ دو۔

انہوں نے کہا کہ جو ایک ایک اینٹ جوڑ کر ملک کو بنائے وہ ملک کو جلا نہیں سکتا۔ درد اسی کو ہو گا جو اس مٹی کا بیٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جیل سے اتنا ڈرتا تھا کہ اس شخص نے اپنے کارکنوں کو کہا کہ اگر مجھے پکڑا جائے تو اکٹھے ہو کر فوجی تنصیبات کو آگ لگا دینا مگر وہ چال الٹی پڑ گئی۔ جن کو جھکانے نکلا تھا آج ان سے ملاقات کی بھیک مانگ رہا ہوتا ہے۔

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کیا ہاتھ سے گیا کہ ایک شخص کی اصلیت سامنے آ گئی، ایک شخص کو اقتدار جانے کا اتنا صدمہ تھا کہ شہدا کی یادگاریں تک جلا دی گئیں۔

مریم نواز نے کہا کہ شہدا فوج کے نہیں پوری قوم کے ہوتے ہیں، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ قوم عہد کرے کہ جس نے شہدا کی توہین کی قوم اس کو نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے منحوس لوگ ہیں کہ مرے ہوئے جانوروں کی تصاویر شہدا کے ساتھ لگا کر کہا کہ ان کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے تھے۔ ایسا ہونے پر دل خون کے آنسو رویا۔ جن لوگوں نے ایسا کیا وہ کسی نرمی اور رعایت کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کا منصوبہ بنانے والا زمان پارک میں چھپ کر بیٹھ گیا ہے اور کہتا ہے کہ میں نے کچھ نہیں کیا میرے کارکنوں نے کیا ہو گا۔ لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو خود تو مشکلات جھیلتا ہے مگر کارکنوں پر حرف نہیں آنے دیتا۔

سینیئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کے لیے لندن کا محفوظ مقام اور پاکستان کے بچوں کے لیے جیلیں، یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے ملک کو آگ اس لیے لگائی کہ اس کے بچے تو اس ملک میں نہیں رہتے۔ قوم کے بچوں کے ہاتھوں سے کتابیں اور لیپ ٹاپ لے کر ماچس، تیلی اور پیٹرول بم پکڑوا دیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب اس کے ورغلائے ہوئے لوگوں نے فوجی تنصیبات کو آگ لگائی تو ایسا کرنے والے عدالتوں میں رُل رہے تھے جبکہ یہ کہہ رہا تھا کہ مجھے اپنے بچوں کے ساتھ شمالی علاقہ جات کی سیر بہت یاد آ رہی ہے۔ آج شجاع آباد کا نوجوان پوچھتا ہے کہ زرا قاسم اور سلیمان کے ہاتھ میں بھی پیٹرول بم دو۔

ہمیں رلانے کا کہنے والے آج با جماعت رو رہے ہیں

چیف آرگنازئر ن لیگ نے کہا کہ تکبر اور رعونت میں اس شخص نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا اور آج ایسا کہنے والے سب باجماعت دھاڑیں مار مار کر رو رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس شخص نے مسلم لیگ ن کو توڑنے کی کوشش کی مگر ہماری جماعت متحد رہی۔ کوئی بھی نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں گیا لیکن پی ٹی آئی آج اتنی سی جماعت رہ گئی ہے کہ ایک چنگ چی میں بھی پوری آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اس لیے نہیں ٹوٹی کہ یہ حقیقی سیاسی جماعت ہے۔ نواز شریف نے اس ملک اور قوم کی خدمت کی ہوئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب 26 سال میں بنائی گئی جماعت 26 منٹ میں کرچی کرچی ہوگئی۔ جس کے جہاز میں یہ جماعت بنی تھی اسی کے جہاز میں واپس گئی ہے۔

ملک دشمن پہچانا جا چکا، اب ترقی کا دور شروع ہو گا

انہوں نے کہا کہ ملک کا دشمن پہچانا جا چکا ہے۔ فتنہ فساد ختم ہو چکا، اب یہاں سے تعمیر و ترقی کا دور شروع ہو گا۔ اب بات ہو گی پاکستان کو آگے لے کر جانے کی۔

چیف آرگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ان مشکل حالات میں بھی شہباز شریف اوراسحاق ڈار نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب واپس آئے گا تو ملک اوپر جائے گا۔ ہم نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں روزگار فراہم کرنا اور ہنر دینا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے۔ اب کسان کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہم ترقی کریں اور ہم نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ کر ان کو کامیاب کریں اور ن لیگ کی حکومت بننے کی صورت میں ایسا ہی ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp