امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، حکام سے کہتا ہوں 15 جون کو کراچی کی میئرشپ کے انتخابات کو شفاف بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اتوار کو کراچی میں ’تحفظ کراچی‘ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہر میں اب پھر ترقی ہو گی کیوں کہ ان شاء اللہ حافظ نعیم الرحمان اس شہر کا میئر بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو 75 سال سے لوٹا جا رہا ہے۔ ہم عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، عوامی وسائل عوام پر ہی خرچ کرنا چاہتے ہیں، ایک ایسا خوش حال پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں امن و امان ہو، لوگوں کو انصاف ملے اور سب کو روزگار میسر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کے ذریعہ لوگوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ اب قوم بیدار ہوگئی ہے۔ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، سب جانتے ہیں کہ جب بھی عوام نے چنا ہم نےعوام کی ہی بے لوث خدمت کی ہے۔ انہوں نے کراچی انتظامیہ اور حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ، میں کہتا ہوں 15 جون کے انتخاب کو شفاف بنایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مقابلہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ مقابلہ پیپلزپارٹی اور کراچی کے عوام کا ہے، آصف زرداری عوامی مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کے بجائے جماعت اسلامی کا مینڈیٹ تسلیم کریں۔
سراج الحق نے کہاکہ کراچی میں جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حاصل کردہ کل ووٹ 9 لاکھ ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے کل 3 لاکھ ووٹ حاصل کیے ہیں، اگر پیپلزپارٹی 9 لاکھ ووٹ لینے والوں کے مینڈیٹ پر قبضہ کرے گی تو اسے ہر راستے پر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں اللہ کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے، ہمارے نمائندوں کا الیکشن میں حصہ لینے کا مقصد یہی ہے کہ ملک میں اللہ کا نظام قائم ہو اور عوام کے پیسے عوام پر خرچ ہوں۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں نوجوانوں کو عزت کی نوکری، عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان جس مقصد کے لیے بنایا گیا تھا 75 سال گزر گئے وہ مقصد پورا نہیں ہوا۔ ہم الیکشن جیت کر ملک کو خوشحال اور حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی کے جنرل اور سیاسی لیڈر پارٹیاں بدل بدل کر حکومت کرتے رہے لیکن انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا، حکمرانوں نے محض اداروں کو لوٹا اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ گزشتہ طویل عرصے سے جو لوگ کراچی پر حکومت کرتے رہے ہیں انہوں نے اس شہر کو تباہ و برباد ہی کیا ہے۔ اسپتال، اسکول، ادارے تباہ ہو کر رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو تنہا نہیں چھوڑوں گا، اگر کراچی کے ساتھ زیادتی کی گئی تو پورے ملک کو کراچی کی پشت پر لا کھڑا کروں گا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے آر اوز اور الیکشن کمیشن کو جتنا استعمال کر سکتی تھی کرلیا لیکن اب ہم آصف زرداری سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو بلا تفریق رنگ و نسل سب کو ساتھ لے کر چلے گا، ہم کراچی کو بھی استنبول کی طرح عالم اسلام کا ترقیاتی شہر بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے پاس امانت دار قیادت موجود ہے جب بھی عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہم نے بے لوث خدمت کی۔
ملک کے اداروں سے کہتا ہوں کہ 15 جون کو میئر کے انتخاب کو صاف و شفاف نہ بنایا گیا تو ہم سمجھیں گے کہ آپ چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ 15 جون کا سورج ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر نکلے گا اور کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر بنے گا۔