وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اعلان کیا ہے کہ اب تمام عوامی منصوبوں کا افتتاح وزیر یا سیکرٹری نہیں، عوام خود کریں گے۔ جو ہمارا خالق و مالک ہے وہی ہمارا محافظ بھی ہے، بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال پر پہلے ہی پاپندی عائد کر دی تھی۔
اتوار کو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے کچھ عرصہ پہلے ہی بم اور بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی ۔
بلٹ پروف گاڑی کا استعمال ترک کر دیا، اللہ ہی ہماری جانوں کا محافظ ہے: عبدالقدوس بزنجو
ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی بم اور بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال نہیں کیا۔ اس پاک ذات اور اسکی قدرت پر کامل یقین ہے جس نے ہمیں پیدا کیا اور ہم نے لوٹ کر اس کے پاس ہی جانا ہے، وہی خالق ذات ہماری جانوں کی محافظ بھی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو ہمارا خالق و مالک ہے وہی ہماری حفاظت کا زمہ دار بھی ہے اس لیے ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم اپنی حفاظت کے لیے بم پروف گاڑیاں تو لیتے ہیں اور اپنی صحت کے لیے منرل واٹر بھی پیتے ہیں، ہمیں سوچنا چاہیے کہ منرل واٹر صحت دیتا ہے یا وہ پاک ذات شفا دیتی ہے جو ہر چیز پر قادر ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے منرل واٹر کے استعمال پر پاپندی عائد کر دی
وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منرل واٹر کے استعمال پر فور ی پابندی عائد کرتے ہوئےکہا کہ وہ خود بھی عام پانی استعمال کر رہے ہیں اور مہمانوں کو بھی عام پانی ہی پیش کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کے لیے یہ ہدایات بھی جاری کر دی ہیں کہ کوئی بھی وزیر یا سیکرٹری کسی سرکاری منصوبے کا افتتاح نہیں کرے گا بلکہ عوامی منصوبوں کا افتتاح اب عوام خود کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا ہے کہ اسکول ہو یا کالج، اسپتال ہو یا کھیل کا میدان، ہیلتھ کارڈ ہو یا گرین بس کا منصوبہ یہ سب عوام کے اپنے پیسوں سے بنے ہیں، تو اس کا کریڈٹ لینے یا دینے کے لیے افتتاحی تقاریب پر وسائل ضائع کرنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ اب اسکول کا افتتاح زیرِ تعلیم بچوں، اسپتال کا افتتاح زیر علاج غریب مریضوں اور گرین بس سروس کا افتتاح پبلک ٹرانسپورٹ میں دھکے کھانے والی بہن بیٹیوں سے کروایا جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ یہ عوام کا پیسہ ہے اور عوام کو ہی اس کا کریڈٹ ملنا چاہیے۔ ہمارا کام ان کے پیسے کا صحیح استعمال کرنا ہے۔