3 ہزار 800 میگا واٹ نئی بجلی سسٹم میں شامل کر دی گئی ہے، خرم دستگیر

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ 3 ہزار 800 میگا واٹ کی نئی بجلی سسٹم میں شامل کر لی گئی ہے، پورے ملک میں بجلی کی قیمتوں کو برابر رکھنے کے لیے 150 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ فاٹا کو 25 ارب روپے بجلی کی مد میں ریلیف دیا جا رہا ہے اسی طرح آزاد جموں کشمیر کو بھی 55 ارب روپے بجلی کی مد میں ریلیف دے رہے ہیں۔

خرم دستگیر نے کہا کہ نئے مالی سال میں آزاد جموں کشمیر کے لیے بجلی کے ریلیف کی مد میں 80 ارب روپے وفاقی حکومت نے مختص کر دیے ہیں جبکہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کے لیے 58 ارب روپے کا ریلیف فراہم کر رہے ہیں، کراچی والوں کے لیے 315 ارب روپے کا ریلیف رکھا گیا ہے۔

’کراچی کے  لیے 171 ارب باقی ملک کے ساتھ بجلی کی قیمت برابر کرنے کی مد میں رکھے گئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں 3800 میگا واٹ کی نئی بجلی سسٹم میں ڈالی گئی ہے، جس میں 1980 میگا واٹ کوئلے سے بننے والی تھر کی نئی بجلی ہے اور 720 میگا واٹ بجلی کروٹ ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ سے لی گئی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ہزاروں میگا واٹ بجلی کے نئے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کی بدولت وفاقی حکومت نے اگلے سال 579 ارب روپے کا ریلیف بجلی بل کی مد میں مختص کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بجلی صارفین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں لگائے گئے ٹیکس سے جلد صارفین کو چھٹکارا مل جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp