جماعت اسلامی کو ووٹ نہ دینے اور غیر حاضر رہنے والوں کو ڈی سیٹ کردیا جائے گا، تحریک انصاف

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں مئیر اور ڈپٹی مئیر  کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جس چیئرمین اور ریزرو سیٹ والے کونسلر نے جماعت اسلامی کو ووٹ نہ دیا ، اسے ڈی سیٹ کردیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر اپنے تمام منتخب چئیرمینز، ریزرو سیٹس پر کونسلرز کو واضح طور پر ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ  جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن ہی کو ووٹ دیں۔

 

Notification by Muhammad Nisar Khan Soduzai on Scribd

 

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک خط کے ذریعے  ہدایت کی ہے کہ ووٹ نہ دینے یا غیر حاضر رہنے والے چئیرمینز کے خلاف  کارروائی ہوگی اور انہیں ڈی سیٹ کردیا جائے گا۔ کیونکہ اس عمل کو پارٹی سے غداری سمجھا جائے گا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی ہدایت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان حکم پر دی جا رہی ہے۔

دوسری طرف  سندھ ہائیکورٹ نے میئر کراچی کے انتخاب کے موقع پر کسی بھی یو سی چیئرمین کو غیرقانونی حراست میں رکھنے اور ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے انتخاب کے روز منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں میئرکراچی کا الیکشن ملتوی کرانے سے متعلق تحریک انصاف کے یوسی چیئرمین ذیشان عالم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور الیکشن کمیشن کے وکیل پیش عدالت میں پیش ہوئے۔

تحریک انصاف کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سندھ پولیس نے یوسی چیئرمینز کو غیرقانونی حراست میں رکھا ہوا ہے اور انہیں ہراساں کر رہی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کے روز منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنائی جائے، اگر کوئی ہراساں کر رہا ہے تو الیکشن کمیشن اس کے خلاف کارروائی کرے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ گرفتار منتخب نمائندوں کی الیکشن کے روز حاضری یقینی بنائیں گے، کسی کو غیر قانونی حراست میں نہیں رکھیں گے اور کسی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائےگا، ہم نےگزشتہ سماعت میں بھی عدالت کو یہ یقین دہانی کرائی تھی۔ عدالت نے سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp