استحکام پاکستان پارٹی کے عہدیداران کا باضابطہ اعلان، عبدالعلیم خان صدر مقرر

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

استحکام پاکستان پارٹی نے عبدالعلیم خان کو صدر، عامر کیانی کو جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔ جب کہ عون چوہدری ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اور پارٹی کے پیٹرن ان چیف کے ترجمان ہوں گے۔

’استحکام پاکستان پارٹی‘ (آئی پی پی ) کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں عہدیداروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عبدالعلیم خان پارٹی کے صدر ہوں گے، عامر کیانی کو پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔

جہانگیر ترین کی پوسٹ کے مطابق عون چوہدری پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل بھی ہوں گے اور پیٹرن اِن چیف کے ذاتی ترجمان بھی ہوں گے۔جب کے دیگر تمام عہدیداروں کا بھی جلد اعلان کر دیا جائےگا۔

فردوس عاشق اعوان، فیاض الحسن سمیت 7 ممبران پارٹی کے ترجمان مقرر

استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین نے میڈیا کیلئے بھی پارٹی کے ترجمان مقرر کر دیے۔ انہوں نے انپے ایک اور ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اسحاق خاکوانی، نعمان لنگڑیال، سعید اکبر نوانی اور فردوس عاشق اعوان کو میڈیا پر پارٹی کی نمائندگی کیلئے ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر مراد راس اور خرم حمید روکھڑی بھی استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان ہوں گے۔

واضح رہے کہ 8 جون 2023 کو جہانگیر ترین لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پر ہجوم پریس کانفرنس میں’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا اعلان کیا تھا، جس میں یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ جہانگیر ترین پارٹی کے پیٹرن اِن چیف ہوں گے تاہم مقدمات ختم ہونے کے بعد وہ استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین بن جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے متعدد منحرف رہنماؤں نے اس وقت تک استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ان رہنماؤں میں علی زیدی، فواد چوہدری ، نوریز شکور، جے پرکاش، فردوس عاشق اعوان، خرم روکھڑی، تنویر الیاس، فیاض الحسن چوہان، عمران اسماعیل، مراد راس و دیگر اہم رہنما بھی شامل ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کا جھنڈا بھی فائنل کرلیا گیا ہے اور اس کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp