میئر کراچی کے انتخاب سے پہلے اچانک گمشدہ اراکین کا پیپلزپارٹی کی حمایت میں سامنے آنا حیران کن ہے: پی ٹی آئی

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے میئر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان اور پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کی ہوئی ہے۔ اور یہ انتخاب 15 جون کو ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا جا چکا ہے لیکن پیپلزپارٹی ہر حال میں الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے۔

تحریک انصاف کے مطابق پیپلز پیار ٹی نے پہلے روز سے منتخب اراکین کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ ہمارے اراکین کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے اغوا کیا جاتا رہا۔ پارٹی ہدایت کے مطابق تمام اراکین نے حافظ نعیم کو ووٹ دینا ہے۔

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جو اراکین پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چند اراکین جو کل تک گمشدہ تھے ان کا آج پیپلز پارٹی کے لیے راستہ ہموار کرنے سامنے آنا حیرت انگیز ہے۔ پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق ان اراکین کے اہل خانہ ان کی گمشدگی کی درخواست بھی جمع کروا چکے ہیں۔

تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ جو رکن بھی پارٹی ہدایت کے برخلاف ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ پارٹی کے نشان پر جیت کے آنے والوں کو پارٹی ہدایت پر عمل کرنا لازم ہے۔ اعلیٰ عدالت کا اس حوالے سے فیصلہ موجود ہے۔ تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی چور دروازے سے میئر بنانے کی کوشش بند کرے۔

پی ٹی آئی کے 30 سے زائد چیئرمینوں کا حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ

واضح رہے کہ تحریک انصاف کو یہ بیان جاری کرنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کہ پیر 12 جون کو پی ٹی آئی کے 30 سے زائد یو سی چیئرمینوں کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کے منتخب چیئرمین اسد امان نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں کراچی کی قیادت کے فیصلوں سے اتفاق نہیں ہے، ہمیں اتحاد کے حوالے سے فیصلہ کرتے وقت اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ جماعت اسلامی نے تو ہمیشہ ہماری مخالفت کی کیسے ووٹ دے سکتے ہیں۔ اگر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بلائیں تو پھر بات بن سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ میئر کے انتخاب کے روز تحریک انصاف کے تقریباً 40 منتخب چیئرمین اس عمل میں حصہ لینے کے لیے نہیں جائیں گے۔

حلیم عادل شیخ کی مبینہ ویڈیو کی حقیقیت کیا ہے؟

دوسری جانب تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ایک مبینہ ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ وہ میئر کے الیکشن سے الگ ہو رہے ہیں۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں پی ٹی آئی کے رہنما کہتے ہیں کہ وہ نئے سیٹ اپ کے تحت ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل کسی کی حمایت نہیں کریں گے، اب چاہے پیپلزپارٹی جیتے یا جماعت جیتے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے حامیوں کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ ’حلیم عادل شیخ نے کراچی میئر کے انتخابات میں غیرجانبدار رہنے کا اعلان کردیا۔‘

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ویڈیو سے متعلق حقیقت جاننے کے لیے وی نیوز نے تحریک انصاف کے ترجمان عزیر احمد صدیقی سے رابطہ کیا تو انہوں نے اسے پرانی ویڈیو قرار دیا۔

واضح رہے کہ کراچی سٹی کونسل میں اس وقت پیپلزپارٹی کو اپنے اتحادیوں (ن) لیگ اور جے یو آئی کے ساتھ مل کر 173 جب کہ جماعت اسلامی کو تحریک انصاف کے ساتھ مل کر 193 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp