لوئر چترال میں موسلا دھار بارش کے باعث سیلابی صورت حال، لوگوں کی نقل مکانی

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لوئر چترال میں بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث سیلابی ریلے لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق ان کی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسلادھار بارش کے باعث چترال ٹاؤن، تبلیغی مرکز اور جنگ بازار کے علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چترال ٹاؤن کے گاؤں ’ہون‘ کے مختلف گھروں میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ریسکیو1122 کی ٹیمیں متاثرہ گھروں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ان کے مطابق چترال گول نالے میں سیلابی صورتحال ہے اوراس کے آس پاس کے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ جبکہ جغور گول نالے میں بھی سیلابی صورتحال کے باعث گاؤں ڈوم شغور کے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ 10 جون کی رات کو بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق جبکہ 150 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp