پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مئیر کے الیکشن میں دو روز باقی ہیں، ایسے میں جہاں جوڑ توڑ عروج پر ہے وہیں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت پر مسلسل منتخب نمائندوں پر دباؤ ڈالنے اور انتخابات کو متاثر کرنے کی شکایات کی جا رہی ہیں۔
منگل کی دوپہر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کراچی میئر کے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمن (مئیر کے امیدوار) کے خلاف دبئی میں کیش منڈی لگ گئی ہے۔
اپنی ٹویٹ میں شیخ رشید احمد نے مزید لکھا کہ ’کیش گروپ جیتے گا۔‘
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 13, 2023
شیخ رشید کی ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والے مختلف افراد نے سندھ میں 15 برس سے حکومت کرنے والی پیپلزپارٹی کی پالیسیوں پر تنقید کی۔
گفتگو میں شریک افراد میں سے کچھ ان سے متفق دکھائی نہ دیے تو لکھا کہ شیخ صاحب کچھ ثبوت بھی دیں کیا میڈیا میڈیا کھیلتے ہو۔
15 جون کو ہونے والے مئیر الیکشن میں پیپلزپارٹی کی جانب سے غیرمنتخب مرتضی وہاب کو میئر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ انہیں وفاق میں اتحادی حکومت میں شامل مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلزپارٹی اور اتحادیوں کی نشستیں ملا کر مرتضی وہاب کو سٹی کونسل میں 173 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کو میئر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ انہیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت بھی میسر ہے۔ دونوں جماعتوں کے سٹی کونسل میں 193 ارکان ہیں۔