سیاحتی مقامات پرکچرے کا ڈھیر: ‘وہ قوم جس نے ساری زندگی صفائی نصف ایمان کا رٹا لگایا ہے’

منگل 13 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماحولیاتی تحفظ اور عوام میں شعور بیدار کرنے کےجتن دنیابھرمیں جاری ہیں وہی پاکستان کے شمالی علاقہ جات جو خوبصورتی کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں ، بڑھتے ہوئے کچرے اور ماحول کو آلودہ کرنے والے عناصر کی وجہ سے اپنی خوبصورتی کھو رہے ہیں۔

پاکستان میں گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی سیاح شمالی علاقہ جات کا رخ کرتے نظر آتے ہیں ، کبھی وہاں پر منعقدہ فیسٹولز کا حصہ بنتے ہیں تو کبھی وہاں کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن پچھلے کچھ برسوں سے ان خوبصورت سیاحتی علاقوں کی خوبصورتی مانند پڑتی نظر آرہی ہے۔

پاکستانی ٹائم لائنز پر آئے روز کبھی کوئی غیر ملکی سفیر اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں سے کچرا چننے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کرتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی پاکستان کے نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت سیاحتی مقامات سے کچرا اٹھانے کی مہم چلاتے دیکھائی دیتے ہیں۔

ایسی ہی ایک بحث اس وقت سوشل میڈیا کی زینت بنی جب صحافی شیراز حسن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی ایک تصویر شیئر کی جہاں ایک فیسٹول کے بعد ہر طرف کچرا نظر آرہا ہے ،انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے پرفضا مقام نیل فیری میں منعقدہ فیسٹیول کے بعد کے مناظر

شیراز حسن کی ٹوئٹ کے جواب میں ایک صارف نے ویڈیو ٹوئٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ نوجوان وہاں سے کچرا اٹھا رہے ہیں صارف امجد حسین بخاری نے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا شیراز بھائی لڑکے کل سے کچرا اٹھا رہے ہیں، آج بھی مقامی رضاکار مصروف رہے مگر دن میں موسم خراب ہونے کی وجہ سے صفائی کا کام مکمل نہیں ہوسکا. منگل کو رضا کار دوبارہ سے صفائی کریں گے. اتنی بڑی تعداد میں افراد کی شرکت کے بعد ایسا ہونا اچھنبے کی بات نہیں لیکن رضا کاروں کو بھی داد دیں

 

گفتگو مزید آگے بڑھی تو کچھ صارفین حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے اور مشورہ دیتے نظر آئے کہ انتظامیہ کو ہدایات دی جائیں کہ فسٹیول کی جگہ پر کوڑا پھینکںے انتظام ہونا چاہیے وہی کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے فیسٹول میں شرکت کرنے والے سیاحوں کو آڑے ہاتھوں لیا ایک صارف نے لکھا جس قوم نے اپنا تعلیمی زمانہ “صفائی نصف. ایمان ہے” کے رٹے مارنے میں گزارا ہو اس سے بالکل یہی امید ہے.

ایک اور صارف نے لکھا کاش کہ ہمارے اسکولوں میں صرف کتابیں رٹانےکی بجائےکوئی تہذیب تمیزاوراخلاقیات ہی سکھائی جاتی۔ہرجگہ گندڈالنےمیں ہم کمال بیشرمی کامظاہرہ کرتےہیں اگرکسی کومنع کریں تووہ شرمندہ ہونے کے بجائےالٹاچڑھائی کردیتاھےکہ ایساصرف میں نےتھوڑی کیاھے

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایسی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا ماحول آلودہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے.

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp