روس سے خام تیل کا پہلا جہاز آنے کے بعد ایل پی جی کی پہلی کھیپ بھی پاکستان پہنچ گئی ہے۔
روس سے پاکستان لائی جانے والی ایل پی جی کو پہلے ریل کے ذریعے ازبکستان پہنچایا گیا جس کے بعد ٹینکرز کے ذریعے ترکمانستان اور افغانستان کے راستے سے پاکستان پہنچایا گیا۔
مزید پڑھیں
حکام نے بتایا ہے کہ 500 میٹرک ٹن کی 21 کارگو گاڑیاں طور خم بارڈر پر پہنچ چکی ہیں جبکہ 50 سے زائد گاڑیاں راستے میں ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ گیس ایران سے لی جانے والی ایل پی جی سے 25 فیصد سستی ہونے کے ساتھ معیاری بھی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 45 ہزار میٹرک ٹن خام تیل لے کر روسی جہاز 2 روز قبل کراچی پہنچا تھا جہاں سے اس کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔ روس سے آنے والا خام تیل ریفائن ہونے کے بعد مارکیٹ میں سپلائی کیا جائے گا۔
اِدھر وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جس کے بعد ایک جہازپاکستان پہنچ گیا ہے اور دوسرا راستے میں ہے۔ جب ہم ایک تہائی سے زیادہ تیل روس سے خریدنا شروع ہو جائیں گے تو قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے رواں سال کے آغاز میں روس سے تیل اور گیس کی خریداری کے عمل کے لیے مذاکرات کیے تھے اور اب اس تجارت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔