ای سی سی: آذربائیجان اسٹیٹ آئل کمپنی کے ساتھ معاہدے سمیت مختلف اہم فیصلے

بدھ 14 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نجکاری کمیشن کو ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کا عمل رواں سال 30جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت توانائی کی سمری پرپاکستان ایل این جی لمیٹڈ اور آذربائیجان کی اسٹیٹ آئل کمپنی کے درمیان معاہدے کے فریم ورک کا جائزہ بھی لیا گیا اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو معاہدے کی اجازت دے دی گئی۔

ای سی سی نے وزارت پٹرولیم کو تین ماہ ایڈوانس میں ایل این جی کی ضروریات کاجائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ایوی ایشن اسکواڈرن کی مختلف ضروریات کی مد میں کابینہ ڈویژن کے لیے 404.76 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔

مزید برآں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں وزارت صنعت و پیداوار، بینک آف خیبر کو مارک اپ کی ادائیگی اور آپریٹنگ اخراجات کے لیے 157.73 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ ای سی سی نے نجکاری کمیشن کو ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کاعمل رواں سال 30 جون تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا سید نوید قمر، خرم دستگیر خان، سید مرتضیٰ محمود، شاہد خاقان عباسی،وزیرمملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت مصدق ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹریز اور دیگر سینیئر حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp