حکومت سندھ نے جیل میں یا کہیں اور موجود ووٹرز کو میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے پہنچانے کی یقین دہانی کرادی۔
کراچی کا میئر اور ڈپٹی میئر کون ہوگا؟ اہل کراچی کو بے چینی سے انتظار ہے اور وہ دن آگیا ہے جب کراچی کے میئر و ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے آرٹس کونسل میں انتخابی عمل کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ریجنل الیکشن کمیشنر کراچی اور میئر و ڈبٹی میئر کے انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر نذر عباس نے وی نیوز کو بتایا کہ جیل میں موجود ووٹرز کے لیے عدالت کے احکامات موجود ہیں کہ انہیں ووٹ کے عمل میں شامل کیا جائے جب کہ الیکیشن کمیشن نے بھی اس سلسلے میں حکومت سندھ کو ہدایت کردی ہے۔
نذر عباس نے کہا کہ ہوم ڈپارٹمنٹ کو ہم نے ہدایت کی ہے کہ جمعرات کو صبح 9 بجے ووٹرز کو انتخابی عمل میں شریک کرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے گرفتار ووٹرز کی انتخابی عمل کے دوران موجودگی کی ضمانت دی ہے اور وہ ہر صورت کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
نذر عباس نے بتایا کہ مذکورہ ہال میں 400 لوگ آسکتے ہیں اور اس جگہ انتظامات بارش کے پیش نظر کیے گئے ہیں کیوں کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا مرکزی دفتر نشیبی مقام پر ہے جہاں سمندری طوفان کے پیش نظر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
میڈیا پر پابندی کے حوالے سے ریٹرننگ آفیسر کا کہنا تھا کہ صرف پی ٹی وی اندر ہوگا اور وہ بھی لائیو کوریج نہیں کرے گا۔