خواتین کو ہراساں کرنے پر اسلام آباد پولیس کی ایگل اسکواڈ کے دو اہلکار گرفتار

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اختیارات کے ناجائز استعمال اور خواتین کو ہراساں کرنے پر اسلام آباد پولیس کی ایگل اسکواڈ کے دو اہلکار وں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دارالحکومت کے مارگلہ تھانے میں درج مقدمہ کے مطابق مذکورہ دونوں پولیس اہلکار حال ہی میں متعارف کی گئی ایگل اسکواڈ کے رکن تھے، جن کی تعیناتی اسلام آباد کے معروف ایف 9 پارک میں کی گئی تھی۔

 

’دونوں اہلکار ساجد اور عمر زمان ایف 9 پارک میں خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث پائے گئے۔۔۔ دونوں اہلکار خواتین کو ہراساں کرتے اور رقم کا مطالبہ کرتے تھے۔‘

انسپکٹر ایگل اسکواڈ کی مدعیت میں ایگل اسکواڈ کے دونوں اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد مارگلہ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے ضابطے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے اور بے ضابطگی میں ملوث اہلکاروں کو جواب دہ ہونا ہو گا۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں اسلام آباد کے اسی ایف 9 پارک میں ایک خاتون کو گن پوائنٹ پر ریپ کرنے کا جرم رپورٹ کیا گیا تھا۔ جس کے کچھ عرصہ بعد ہی پولیس نے اس جرم میں ملوث دونوں ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp