میئر و ڈپٹی میئر کراچی کے حالیہ انتخابی عمل کو کالعدم قرار دیا جائے، جماعت اسلامی کا چیف الیکشن کمشنر کے نام خط

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر سے میئر و ڈپٹی میئر کراچی کے حالیہ انتخابی عمل کو کالعدم قرار دینے اور نیا شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔

جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر راجا سکندر سلطان کے نام خط  میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن  آف پاکستان جس کا بنیادی اور آئینی فریضہ غیر جانبدارانہ، صاف اور شفاف انتخابات کرانا ہے، اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

جماعت اسلامی کی طرف سے  خط میں کہا گیا ہے’ ہم الیکشن کمیشن کو ہر موقع پر خطوط کے ذریعے سندھ کی حکمران پارٹی کے غیر قانونی، غیر جمہوری ، غیر آئینی اور فسطائی اقدامات سے آگاہ کرتے رہے لیکن الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا‘۔

جماعت اسلامی کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط

خط میں لکھا گیا ہے’ ہماری اطلاع کے مطابق سندھ کی حکمران جماعت نے تقریبا29 ممبران کو اغوا کرکے انتخابی عمل میں شرکت سے روک دیا۔ ایلیٹ فورس نے ان کے گھروں سے جبری اغوا کیا‘۔

’الیکشن کمیشن نے بے رحمی سے حقیقی مینڈیٹ کا قتل کیا، اکثریت کو اقلیت اور اقلیت کو اکثریت میں بدل دیا۔ یہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ اور جبری قبضہ ہے، جس کے نتائج شہر اور ملک کے حق میں بہتر نہیں ہوں گے اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر بھی سوالیہ نشان ہوگا‘۔

خط میں  چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوراً اس فراڈ عمل کو روکا جائے، ووٹنگ کے نتائج کو بھی روک دیا جائے، پہلے تمام ممبران کی حاضری یقینی بنائی جائے اور پھر ووٹنگ کرائی جائے۔  موجودہ انتخابی عمل کو کالعدم قرار دیا جائے نیز الیکشن کمیشن میئر اور ڈپٹی میئر کی ووٹنگ کے لیے نیا شیڈول جاری کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp