وکیل قتل کیس: بلوچستان ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست خارج کردی

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی جانب سے عبدالزاق شر قتل کیس سے ان کا نام نکالنے اور وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کے لیے دائر کردہ درخواست خارج کردی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے چند روز قبل کوئٹہ ایڈووکیٹ عبدالزاق شر کے قتل کی ایف آئی آر سے نام نکالنے اور وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

آئینی درخواست پر سماعت چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان اور جسٹس عامر رانا نے کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی ٹی ائی چیئرمین نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کی ہوئی ہے لہٰذا انسداد دہشتگری  کی عدالت کی جانب سے  جاری وارنٹ گرفتاری معطل کیا جائے۔

مذکورہ درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو عبدالزاق شر کی جانب سے ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنے کی ائینی درخواست کا علم ہی نہیں تھا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ مقتول وکیل کا تعلق پی ٹی ائی سے تھا اور ان کی بیوہ نے خاندان کے افراد پر قتل کا الزام لگایا ہے۔

عدالت نے  پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے دائر درخواست خارج کرتے ہوئے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ قتل کی تحقیقات جاری ہے اور اس کے لیے ایک جے آئی ٹی بھی بنائی گئی ہے لہٰذا واقعے کی تفتیش کے دوران عدالت مقدمے سے متعلق فیصلہ نہیں دے سکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp