یونان کشتی حادثہ میں لاپتا تمام افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا، 298 پاکستانی بھی شامل

ہفتہ 17 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یونان میں کشتی حادثے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کو روک دیا گیا ہے۔ یونانی حکومت کی جانب سے لاپتا ہونے والے تمام افراد کو مردہ قرار دےد یا گیا جن میں 298 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی حادثہ کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران جن لوگوں کو بچایا گیا ان میں صرف 12 پاکستانی شامل ہیں۔

تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن 4 روز تک جاری رہا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ لوگوں کو لے کر جانے والا جہاز کئی روز سے سمندر کے اندر ہی خراب تھا جسے ٹھیک کرنے کے بجائے چھوٹی کشتی سے کھینچا گیا تو وہ الٹ گیا اور لوگ ڈوب گئے۔

جو لوگ حادثے کا شکار ہوئے ہیں ان میں سے 135 افراد کا تعلق آزادکشمیر کے مختلف علاقوں سے تھا۔ جبکہ کل 310 پاکستانی اس میں شامل تھے جن میں سے 12 کی جان بچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں مرنے والے 79 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں مگر ابھی تک ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ اس سانحہ میں مجموعی طور پر 104 افراد کو ریسکیو کیا گیا تھا۔

اِدھر یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ لوگ ایجنٹوں کے حوالے سے ایف آئی اے کو شکایات کر رہے ہیں اور اب تک 12 افراد نے شکایات درج کرائی ہیں جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اپنی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ 14 جون کو یونان کے ساحل پر یہ حادثہ پیش آیا تھا۔ آزادکشمیر کے سب سے زیادہ نوجوان کوٹلی آزادکشمیر کی تحصیل کھوئی رٹہ سے تعلق رکھتے تھے جو اپنے دل میں مستقبل کے سہانے خواب سجائے یورپ کی جانب روانہ ہوئے تھے۔

دوسری پاکستانی میڈیا پر خبریں نشر ہونے پر پاکستانی سفارتخارنہ بھی الرٹ ہو گیا ہے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

کشتی حادثہ میں مرنے والے 12 پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی: دفتر خارجہ

ہفتے کو ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والوں میں سے 12 پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی ہے۔

وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ جاں بحق ہونے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت، بازیابی اور امداد فراہم کی جا سکے۔

یونان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے المناک کشتی حادثہ سے متعلق بتایا گیا ہے کہ ہمارے عملے کی زندہ بچنے والے 12 پاکستانیوں سے ملاقات ہو چکی ہے جبکہ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این  اے رپورٹ، لاپتا افراد کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور رابطہ نمبر سفارتخانے کی آفیشل ویب سائٹ یا  [email protected]  پر بھیجنے کا کہا گیا ہے۔

اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کے لیے مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتا ہے:

پاکستانی سفارت خانے کا نمبر 00306943850188

اعجاز احمد کمیونٹی ویلفیئراتاشی ونگ: 00306947656932

محمد طارق ایف آئی اے ونگ: 00306955160682

محسن علی شاہ کونسلر ونگ: 00306955160098

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp