کوئٹہ میں پولیس لائنز کے نزدیک دھماکا ہونے کے سبب کم از کم 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کارکنان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ امدادی ٹیوں کے علاوہ پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔
پولیس کے مطابق پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ دھماکا گلستان روڈ پر واقع موسیٰ چیک پوسٹ گیٹ نمبر تین پر ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
جائے وقوعہ کے قرب و جوار میں اس وقت موجود چند عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس مقام سے مبینہ حملہ آور کے جسمانی اعضا بھی برآمد کیے گئے ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان دہشت گردی کی نئی لہر کا شکار ہے جس میں زیادہ تر حملے صوبہ خیبرپختونخوا میں ہوئے تاہم حملوں کا یہ سلسلہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور
پنجاب کے سرحدی علاقے ضلع میانوالی تک بھی پہنچا۔
ڈان کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنے ایک بیان میں حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔