جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے 23 جون کو الیکشن کمیشن اسلام آباد کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کے الیکشن میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور اب ایک شہزادہ (بلاول) کہتا ہے کہ میئر کراچی کے الیکشن کی طرح ان کی جماعت عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ میئر کراچی کے الیکشن میں جس جماعت کے پاس 193 لوگ تھے وہ ہار گئی اور 177 والے جیت گئے۔ پیپلزپارٹی نے اغوا برائے تاوان کی کارروائی کی اور یہ سوا 3 کروڑ لوگوں کے حقوق پر ڈاکا ہے۔
مزید پڑھیں
سراج الحق کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے انتخاب میں جو کچھ ہوا اس کے بعد الیکشن کمیشن کا وقار ختم ہو گیا۔ ایک شہزادے بلاول کی خواہش تھی کہ میئر کراچی ان کی جماعت کا ہوا تو اس پر عملدرآمد کیا گیا۔
بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا مینڈیٹ آپ کو ہضم نہیں ہو سکے گا۔ ہم ہر جگہ آپ کا پیچھا کریں گے۔ چوری کا مال واپس لے کر شہر قائد کے عوام کو تحفہ میں پیش کیا جائے گا۔
کراچی کے عوام نے اپنی نسلوں کی خاطر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تھا
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم 23 جون کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے کیوں کہ ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی۔ کراچی کے عوام نے تو اپنی نسلوں کی خاطر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تھا۔ پیپلزپارٹی بر سراقتدار ہونے کے باوجود کوئی ترقیاتی کام نہیں کروا سکی۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی کے انتخابات کا دوبارہ انعقاد کیا جائے کیوں کہ 30 منتخب لوگ اس عمل میں حصہ ہی نہیں لے سکے ان کو بھی لایا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم عوام کے ساتھ کیے گئے ایک وعدے پر بھی عملدرآمد نہیں کر سکی۔ ملک میں بدترین کرپشن ہو رہی ہے۔ بے امنی اور غیریقینی صورت حال کا اثر معیشت پر پڑ رہا ہے۔ پارلیمنٹ میں عوام کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے فساد، گالم گلوچ اور جھگڑا ہوتا ہے۔