جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

پیر 19 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ 2 سال سے زائد عرصہ جیل میں گزار کر رواں برس 14 فروری کو رہا ہونے والے پشتوں تحفظ موومنٹ کے رہنما اور جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

علی وزیر کو جیل سے رہا ہونے کے 4 ماہ اور چند دن بعد ہی شمالی وزیرستان سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ علی وزیر ساتھیوں سمیت میران شاہ جا رہے تھے۔

باخبر سرکاری ذرائع نے وی نیوز کو گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ علی وزیر کو ڈمڈیل چیک پوسٹ پر گرفتار کیا گیا ہے اور شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ منظور پشتین، علی وزیر اور دیگر رہنما اداروں کے خلاف تقاریر کرنے پر پولیس کو مطلوب تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ علی وزیر شمالی وزیرستان میں گزشتہ کئی دنوں سے پی ٹی ایم کارکنان کی گرفتاری کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ ایف آئی اے نے بھی اداروں کے خلاف تقریریں کرنے پر علی وزیر، منظور پشتین اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مقامی پولیس نے ابھی تک علی وزیر کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ علی وزیر کو دسمبر 2020 میں پشاور سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد وہاں سے واپس جا رہے تھے۔ ان پر پی ٹی ایم کی ریلی کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور تضحیک آمیز تقریر کرنے کے الزامات تھے، جس کی ایف آئی آر کراچی کے تھانہ سہراب گوٹھ میں درج کی گئی تھی۔

سال 2021 میں سپریم کورٹ نے ان کی درخواست ضمانت منظور کی تھی لیکن ان کے خلاف شاہ لطیف تھانے میں بھی ایک ایف آئی درج تھی جس کی بنیاد پر انہیں رہائی نہیں مل سکی تھی تاہم رواں برس 14 فروری کو انہیں سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp