پاکستان میں موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے کے ذمہ دار ادارے کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ملک کے مختلف حصوں میں گرمی معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہے گی۔
پیر کو جاری کردہ تفصیل میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔
فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کو گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 20 سے 24 جون کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 4 تا 6 ڈگری بڑھ سکتا ہے۔
سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے دو تا 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے چند میدانی اور پہاڑی مقامات پر گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔