وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے درمیان میثاق جمہوریت کو آگے بڑھائیں گے۔
میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم انتہا پسندی کا مقابلہ نسلوں سے کرتے آ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ جانوں کی قربانیاں دیں۔ دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کو کارکردگی سے جواب دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہم اس جیت کو اپنے شہدا کے نام کرتے ہیں۔ ماضی میں یہ شہر ایک فون کال پر چلتا تھا۔ ہم اس شہر کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔
مزید پڑھیں
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کا ایک ممبر ہے وہ میرا کیا گھیراؤ کرے گا۔ جماعت اسلامی کو شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں سے نہیں ملنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اتحادی حکومت میں ہیں، مسلم لیگ ن کے ساتھ پالیسی پر اختلاف ہو سکتا ہے مگر اسے ذاتی مخالفت میں نہیں بدلیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ امید ہے آج کی ملاقات کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز رکھے جائیں گے۔ آصف زرداری اب لاہور میں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کی جدوجہد کرتی ہے۔ ہم سے الیکشن چھینے جاتے ہیں ہارتے نہیں ہیں۔
لائیو: گلشن جناح پولو گراؤنڈ کراچی میں نومنتخب میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبدﷲ مراد کی تقریبِ حلف برداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی شریک۔ https://t.co/GzvR5CDvGj
— Pakistan Peoples Party – PPP (@PPP_Org) June 19, 2023
ان کا کہنا تھا کہ آج جب ڈکٹیٹر کا دور ختم ہوا ہے تو سارے سیاسی یتیم کراچی سے لے کر کشمیر تک الیکشن ہار رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے نومنتخب نمائندوں کو کہتا ہوں کہ صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کر کے علاقے کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح اب بھی عوام کے مسائل حل کریں گے۔ کراچی اس ملک کا شہر ہے۔ اس ملک کو یہی شہر بچا سکتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مل کر شہر کے مسائل حل کریں گے۔ کراچی کے شہری 5 سال بعد مجھ سے ضرور سوال کریں کہ آپ نے کیا کِیا ہے۔
نفرت کی سیاست ختم کرکے لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے، مرتضیٰ وہاب
اس موقع پر نومنتخب میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نفرت کی سیاست ختم اور لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ایک ایک یوسی چیئرمین بھرپور انداز سے عوام کی خدمت کرے گا۔ کراچی میں مثبت تبدیلی لے کر آئیں گے۔
نومنتخب میئر اور ڈپٹی میئر نے حلف اٹھا لیا
اس سے قبل کراچی کے نومنتخب میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان مراد نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔