آئی ایم ایف کسان پیکیج، آزاد کشمیر کی سبسڈی پر آمادہ ہوگیا

اتوار 5 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈز ( آئی ایم ایف ) نے کسانوں کو سہولیات اور کشمیر کوسبسڈی دیے جانے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔

سماء کی ایک رپورٹ کے مطابق مذاکرات سے متعلق وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ آئی ایم ایف کسان پیکیج، بلوچستان زرعی ٹیوب ویلز اور آزاد کشمیر کو سبسڈی دیے جانے پر آمادہ ہوگیا ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ مشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں مختلف امور پر اہم پیش رفت سامنے تو آئی ہے لیکن فی الحال آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان برآمد کنندگان کے لیے توانائی کی سبسڈی ختم کرنے اور محصولات میں شارٹ فال پر اختلاف برقرار ہے۔

وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں تکنیکی مذاکرات پیر 6 جنوری کو بھی ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف نے عمران خان سے معاہدے پر دستخط کی کوئی شرط نہیں لگائی ہے۔

حکام کے مطابق آئی ایم ایف یہ سمجھتا ہے کہ محصولات کا شارٹ فال 840 ارب روپے ہے جب کہ ٹیکس شارٹ فال 400 ارب سے 450 ارب روپے ہو سکتا ہے لہٰذا محصولات کے شارٹ فال پر قابق پانے کے اقدامات بھی تجویز کیے گئے۔

مذاکرات میں آئی ایم ایف کی جانب سے ترقیاتی فنڈ اور اخراجات میں کٹوتی کی تجویز دی گئی ہے۔ مزید براں بعض شعبوں کو حاصل سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کا استثنیٰ ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ حکومت پر امید ہے کہ آئی ایم ایف سے معاملات 9 مئی تک طے کرلیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp