سعودی عرب میں جازان ریجن کی الدائر کمشنری کے سیکیورٹی حکام نے ایتھوپیا کے 22 دراندازوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے والے مقامی شہری کو گرفتارکیا ہے۔ دراندازوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق جازان پولیس کے ترجمان نے کہا کہ’ دراندازوں اور ان کے مقامی سہولت کار کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔‘
پولیس ترجمان نے انتباہ کیا کہ ’جو شخص بھی کسی درانداز کو اندرون مملکت سفر، رہائش یا روزگار کی سہولت فراہم کرے گا۔ دراندازی میں مدد دے گا یا دراندازوں سے کسی بھی شکل میں تعاون کرے گا اسے 15 سال قید اور دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’رہائش، ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی گاڑی اور مکان کو ضبط کرلیا جائے گا۔‘