پاکستان کو اس وقت شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی آ رہی ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بہت کم ہو چکی ہے، تاہم اب معیشت کی بحالی کا قومی پلان تیار کرلیا گیا ہے، غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) قائم کی ہے۔
کونسل کے پہلے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وصوبائی وزرا سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وی نیوز نے کونسل کے قیام کا مقصد اور اس کے فوائد جاننے کے لیے معاشی ماہرین سے گفتگو کی جس کے بعد مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔
مزید پڑھیں
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ پاکستان کمزور معاشی حالات اور ڈیفالٹ کے خطرے کے باعث عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سمیت دیگر ممالک سے قرضے اور امداد لینے کا سوچ رہا ہے تاہم اب پاکستان نے ‘اکنامک ریوائیول پلان’ کے عنوان سے قومی حکمت عملی تیار کی ہے جس کا مقصد پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔
سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں: خاقان نجیب
خاقان نجیب کے مطابق پاکستان میں انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح 13 اعشاریہ 6 فیصد رہ گئی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے، جن ممالک نے ترقی کی ہے ان میں یہ شرح 30 سے 35 فیصد ہے۔
ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ کونسل کے قیام سے واضح ہو رہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ اس کونسل کے قیام میں سول بیوروکریسی بھی حکومت کی مدد کرے گی، حکومتی کاوش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دینا پڑے گی ورنہ یہ پلان صرف پلان ہی رہ جائے گا اور مطلوبہ نتائج کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔
ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ حکومت اس کونسل کے قیام میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی، بورڈ آف انویسٹمنٹ کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کونسل ڈیفینس پروڈکشن، میٹلز اینڈ مائننگ، گولڈ، زنک اور کاپر کے بلوچستان میں بڑے ریزرو ہیں، زراعت میں اگر بیرون ممالک سے انویسٹمنٹ آتی ہے تو ان سیکٹرز میں کام کر کے پاکستان کو بہت سے مالی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
کونسل کے قیام سے پاکستان کی معاشی مشکلات کم ہوں گی: عابد سلہری
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت عابد سلہری نے کہا کہ پاکستان کو نیشنل سیکیورٹی کونسل کی طرح اکنامک سیکیورٹی کونسل کی ضرورت تھی، پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کی ضرورت تھی، اس کونسل کے قیام سے پاکستان کی معاشی مشکلات میں کمی آئے گی۔
عابد سلہری نے کہا کہ پاکستان جس سیاسی عدم استحکام کا شکار رہا ہے اس کا سب سے زیادہ نقصان معیشت کو ہوا ہے، ہمیں اپنے دوست ممالک کو یہ گارنٹی دینا ہو گی کہ ان کی سرمایہ کاری محفوظ ہے، ملک میں سیاسی استحکام رہے گا، اس کونسل کے قیام سے دوست ممالک کو ملک میں انویسٹمنٹ کرنے میں حوصلہ ملے گا۔