پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو جماعت سے علیحدگی کی ترغیب دینے پر سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف جماعتی سطح پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پرویز خٹک کی جانب سے تحریک انصاف کے اراکین کو جماعت سے علیحدگی کی ترغیب دلوانے کا معاملہ
پاکستان تحریک انصاف نے پرویز خٹک کیخلاف جماعتی سطح پر کارروائی کا آغاز کردیا
مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے پرویز خٹک کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری
پرویز خٹک سے 7 روز میں جواب طلب… pic.twitter.com/Ls1hlVELo5
— PTI (@PTIofficial) June 21, 2023
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے پرویز خٹک کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور ان سے 7 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔
نوٹس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ جواب تسلّی بخش نہ ہونے یا اظہارِ وجوہ کے نوٹس کے جواب سے گریز پر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
نوٹس میں لکھا ہے کہ جماعت کے علم میں آیا ہے کہ آپ اراکین سے روابط قائم کرکے انہیں جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسا رہے ہیں۔ 7 ایام میں اس تاثر کے حوالےسے اپنا مفصل جواب داخل کریں۔
واضح رہے کہ جمعرات یکم جون کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک نے 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں پارٹی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے ایک منٹ کی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ 9 مئی کے واقعے کی پہلے ہی مذمت کرچکے ہیں اور دعاگو ہیں کہ ایسی حرکت دوبارہ نہ ہو۔
پرویز خٹک نے کہا تھا کہ ٹی وی پر جو پروپیگنڈا ہو رہا ہے وہ صحیح نہیں ہے اور ہم نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے پارٹی کا عہدہ چھوڑ رہا ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’باقی دوستوں اور پارٹی کے کارکنوں سے صلاح مشورہ کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا‘۔