اسوقت پیچھے ہٹ گئے تو ہمارے بچے ہمیں معاف نہیں کریں گے: عمران خان

بدھ 21 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک پاکستانی عوام کے مستقبل کی تحریک ہے۔ میں اس کے لیے کھڑا ہوں اور قوم کو بھی کھڑا ہونا چاہیے۔ اگر ہم پیچھے ہٹ گئے تو ہمارے بچے ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت جہاد کر رہے ہیں یہ بالکل بھی سیاست نہیں ہے۔ قوم کسی صورت پیچھے نہ ہٹے۔ ہمارے قائد محمد علی جناح نے کبھی اپنی آزادی پر کمپرومائز نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی آزادی قانون کی حکمرانی سے آئے گی۔ جب تک طاقتور اور کمزور کے لیے ایک قانون نہیں ہو گا ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ صرف آزاد لوگ ہی اقبال کے شاہین بن سکتے ہیں۔ غلاموں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے تھے حالانکہ ہم نے کورونا جیسی مشکل صورت حال کا سامنا کیا۔

ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے انصاف کی تحریک شروع کی تھی

انہوں نے کہا کہ میں نے 27 سال پہلے انصاف کی تحریک اس لیے شروع کی تھی کہ جس ملک میں انصاف نہ ہو وہاں ترقی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف تمام حربے اس لیے استعمال کیے جا رہے ہیں کہ میں گھٹنے ٹیک دوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کو اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا گیا کہ اس نے بادشاہ سلامت کے بارے میں ٹوئٹ کی تھی کہ مبارک ہو چوروں کو این آر او دے دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ایک پلاننگ کے تحت کیے گئے اور یہ ایک ’فالس فلیگ آپریشن‘ تھا۔

مجھ پر بنائے گئے تمام کیسز بوگس ہیں

ان کا کہنا تھا کہ میں جیل میں تھا اور مجھ پر کیسز بنا دیے گئے کہ 9 مئی کو توڑ پھوڑ میں نے کروائی۔ میں پوچھتا ہوں کہ 27 سال میں کوئی ایک بیان ایسا دکھا دیں کہ میں نے کوئی ایسی بات کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر دہشت گردی کے جھوٹے کیسز بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ القادر ٹرسٹ کیس میں جو کیس بنایا گیا ہے وہ بھی بوگس ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شریف خاندان سے بھی کبھی کسی نے پوچھا ہے کہ مے فیئر فلیٹس کہاں سے آئے ہیں۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کی مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھ پر توشہ خانہ کا کیس بنانے والے بتائیں کہ آصف زرداری اور مریم نواز نے جو گاڑیاں لی ہیں کیا وہ قانونی عمل تھا۔

ہمارے لوگوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے ایسا دشمن کے ساتھ بھی نہیں ہونا چاہیے

انہوں نے کہا کہ میری بہن پر جو کیس بنایا گیا وہ بھی جعلی ہے کیوں کہ جب انہوں نے زمین خریدی اس وقت میں حکومت میں نہیں تھا۔ پنجاب میں حمزہ شریف کی حکومت تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یونان میں کشتی حادثے کا شکار ہونے والے لوگ امید ختم ہونے پر یہاں سے یورپ جا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں پر کیسز بنائے جا رہے ہیں جن کی کوشش تھی کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کی جائے۔ ہمارے لوگوں کے ساتھ جو کیا جا رہا ہے ایسے تو دشمن کے ساتھ بھی نہیں ہونا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp