قربانی کا جانور خریدنے کا شوق صرف مردوں یا بچوں ہی کا نہیں ہوتا بلکہ خواتین بھی اس معاملے میں خاصی دلچسپی رکھتی ہیں۔ مگر ان کی مشکل یہ ہے کہ وہ مردوں کی بھیڑ بھاڑ میں مویشی منڈی جانے سے گریز کرتی ہیں۔ خواتین کی اس مشکل کا حل پیش کیا ہے کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں سجی ایک منفرد مویشی منڈی نے، کیوں کہ یہاں کا بنیادی اصول ہی یہ ہے کہ خریدار صرف خاتون ہوگی تو منڈی میں انٹری ملے گی۔
جیسے جیسے عید الاضحیٰ نزدیک آ رہی ہے شادمان کی اس مویشی منڈی کی رونقیں بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔ بچوں کے ساتھ آںے والی خواتین میں کچھ شوقیہ آ رہی ہیں تو کچھ حقیقتاً بھاؤ تاؤ کرتی اور اپنی پسند کا جانور خریدتی دکھائی دیتی ہیں۔
خاندانی بزنس
اس منفرد مویشی منڈی کی منتظمہ رقیہ فرید کا کہنا ہے کہ یہ ہمارا فیملی بزنس ہے اور میرا اس طرف آنے کا مقصد شوق کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتے تھے جہاں خواتین بلا جھجھک آئیں اور اپنے من پسند جانور خرید سکیں۔
منڈی انتظامیہ نے خواتین کی عمومی دلچسپیوں کے پیش نظر یہاں خواتین کو دیگر اسٹالز لگانے موقع بھی فراہم کیا ہے۔
یہ ایک اچھا اقدام ہے
یہاں آںے والی خواتین نے وی نیوز کے پوچھے جانے پر بتایا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔ یہاں فیملی کے ہمراہ آکر آپ نہ صرف جانور خرید سکتے ہیں بلکہ بہت سارے جانور دیکھ کر اندازہ بھی ہوجاتا ہے کہ اس بار جانور کے کیا ریٹس چل رہے ہیں۔
کھانے پینے کا اسٹال
منڈی کے آغاز ہی اس منڈی ہی کی طرح ایک منفرد اسٹال سجا ہے، جو ایک خاتون کا ہے اس اسٹال میں گھر پر تیار کی گئی کھانے پینے کی انواع و اقسام کی اشیاء موجود ہیں۔ ان اشیاء میں جوس اور سینڈویچز وغیرہ بھی شامل ہیں تا کہ آنے والے بھوک اور پیاس کی صورت میں ان چیزوں سے لطف اندوز ہوسکیں۔
ناگن چورنگی کے عقب میں قائم اس منڈی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، جب کہ خوبصورت جانوروں نے اس منڈی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ خواتین کا ماننا ہے کہ اس طرح کی منڈیاں اور بھی ہونی چاہییں۔