پنجاب میں 5ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد، مزید اہم فیصلے بھی ہوگئے

جمعرات 22 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کابینہ نے 5ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کردی، جبکہ سٹمپ ایکٹ 1899 کے فرسٹ شیڈول میں ترامیم،اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد برقرار رکھنے کی منظوری دے دی، سپیشل افراد (PWDs) کے حقوق کے لیے کونسل کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز پرکمرشل سرگرمیوں کی اجا زت دی جا سکے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 18 واں اجلاس ہوا، صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ڈی جی لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی ،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

پنجاب کابینہ نے محکمہ معدنیات کی کارکردگی کی تعریف کی، محکمہ معدنیات نے ر واں مالی سال 12ارب روپے کے ٹیکس وصولی کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً14ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔

اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے5 ویں اجلاس، کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے تیسرے اجلاس اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے 7 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

میجر جنرل شیخ المر بن مکتوم بن جمعہ الملطوم گائنی ہسپتال گلاب والا،تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کو فنکشنل کرنے کی منظوری دی گئی اور کابینہ کی جانب سے ہسپتال کو فنکشنل کرنے کے لیے گرانٹ کے اجراء اور سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

پنجاب کابینہ نے سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں مجوزہ قانونی ترامیم،پنجاب میں آئی ٹی کے کاروبار، تعلیم، ٹریننگ پرتمام ٹیکس و ڈیوٹیز ختم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ ہیپاٹائٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام اور پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور پنجاب ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کیلئے نئے امور اور دائرہ کار کے حوالے سے معاہدے کی تجدید کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے مختلف امور اور پنجاب میں 1500سی سی سے 2000سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کی منظوری بھی دی، پنجاب میں ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے برابر کردی گئی۔

اجلاس میں لارج سکیل مائننگ کے تحت چونا پتھر (لائم سٹون) اورایگریلیشئیش کے رائلٹی ریٹس کے از سر نو تعین کی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں سبسڈی میں کمی کے لیے نان۔فیئر ریونیو جنریشن ماڈل کی منظوری بھی دی، میٹروبس اوراورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز پرکمرشل سرگرمیوں کی اجا زت دی جا سکے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp