عام انتخابات: قمرالزمان کائرہ نے پنجاب سے متعلق پیپلز پارٹی کی حکمت عملی بتا دی

جمعرات 22 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے سینیئر رہنما اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے ساتھ اتحاد کے بارے میں جماعت کی کوئی رائے نہیں، پنجاب سے اچھے نمبر لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ عوام اب بلاول بھٹو کو بطور وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں پنجاب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ اتحاد کے بارے پارٹی کی کوئی رائے نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے پنجاب میں اتحاد کے حوالے سے گفتگو ندیم افضل چن نے کی ہے۔ندیم افضل چن کی اس بارے میں گفتگو ان اپنی رائے ہے۔

قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) یا کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کی باتیں قبل از وقت ہیں، مفروضوں پر مبنی چیزوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) پنجاب میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور لوگ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے۔

قمرالزمان کائرہ نے دعویٰ کیا کہ اب کی بار پیپلز پارٹی پنجاب میں اچھے نمبرز (نشستیں) لینے میں کامیاب ہو جائے گی کیوں کہ عوام اب بلاول بھٹو کو وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے پیپلزپارٹی الیکشن کے لیے بھر پور تیاری کر رہی ہے ۔

الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے: قمر الزما کائرہ

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن اپنے مقرر وقت پر ہی ہوں گے۔ ہم الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بارے میں پیپلز پارٹی کا مؤقف اصولی ہے کہ انتخابات مقرہ وقت پر ہونے چاہییں۔ جنوبی پنجاب سے اس وقت تک پیپلزپارٹی میں تقریباً 100 سے زیادہ لوگ شامل ہو چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے وہ اپنے اپنے حلقے میں انتہائی بااثر امیدوار ہیں،کون کس کو انتخابات میں زیادہ نقصان پہنچائے گا یہ تو وقت ہی بتائے گا ۔

پیپلزپارٹی 2013 اور 2018 میں کتنی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی؟

پیپلزپارٹی نے 2013 میں پنجاب کی 295 نشستوں پر 126امیدوار میدان میں اترے جن میں 8 امیدوار کامیاب ہوسکے، اسی طرح 2018 میں پیپلزپارٹی نے 100 سے زیادہ امیدوار پنجاب کی جنرل نشستوں پر کھڑے کیے لیکن پیپلزپارٹی صرف 7 سیٹس ہی حاصل کر سکی ۔

پیپلزپارٹی 2018میں پنجاب سے ممبر نیشنل اسمبلی (ایم این اے )کی 148 جنرل نشستوں میں سے صرف 8 امیدوار کامیاب کروا سکی ،2018 کے الیکشن میں تمام 8 ایم این ایز جنوبی پنجاب سے کامیاب ہوئے ۔اس دفعہ پیپلزپارٹی کا دعویٰ ہے کہ وہ پنجاب میں اچھے نمبرز لینے میں کامیاب ہو جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp