جو بائیڈن کا چینی صدر کیخلاف بیان: امریکا کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، چین

جمعہ 23 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ چین امریکی صدر جو بائیڈن کے اس بیان کا فیصلہ کن جواب دے گا جس میں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو آمر قرار دیا تھا۔

روسی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی سفارتخانے نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ چین کی حکومت اور عوام ملک کے سپریم لیڈر کے خلاف کسی قسم کی سیاسی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کریں گے اور انہیں فیصلہ کن جواب دیں گے۔

بیان میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کے الفاظ کے منفی نتائج سے نمٹنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدام کرے اور اپنے وعدے پورے کرے۔ بصورت دیگر  اسے تمام نتائج بھگتنے ہوں گے۔

چینی سفارت کاروں کے مطابق امریکا میں چین کے سفیر ژی فینگ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس اور محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے صدر جو بائیڈن کے بیان پر شدید احتجاج کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر کے چینی صدر کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس غلط، مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہیں اور یہ کھلی سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔ چین واضح طور پر اس کو مسترد اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے چینی صدر کے بارے میں بہتان تراشی بنیادی حقائق سے سنگین طور پر متصادم، سفارتی آداب اور چین کے سیاسی وقار کی خلاف ورزی، امریکا کی جانب سے کیے گئے وعدوں کے خلاف ہے اور باہمی اعتماد کو خطرے میں ڈالا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp