پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں ہے، شازیہ مری

ہفتہ 24 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما پیپلز پارٹی اور وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے کہاکہ کچھ حلقوں کی جانب سے تاثر دیا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات ہیں جبکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں ہے، البتہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو سیلاب زدگان سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدامات پر تحفظات ضرور تھے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ سیلاب سے بے گھر ہوئے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہر فورم پر سیلاب متاثرین کے حوالے سے آواز اٹھائی، بلاول بھٹو کی کاوشوں سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

’سیلاب متاثرین کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر تحفظات تھے جس کی وجہ سے بلاول بھٹو نے وزیر اعظم سے شکایت کی۔‘

 شازیہ مری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدم اعتماد کے آئینی طریقے سے ایک وزیراعظم کو ہٹایا گیا، پچھلی حکومت میں بیٹھے نا اہل شخص نے سیاسی انتقام کو ہوا دی، 4 سال تک عوام تکلیف برداشت کرتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور10 مئی کو تمام حدیں پارکردی گئیں، شہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا، پیپلز پارٹی اس عمل  کو معاف نہیں کر سکتی کل بلاول بھٹو نے بھی واضح کیاکہ 9 مئی واقعے میں ملوث لوگوں کو کبھی معاف نہیں کر سکتے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ملک کی واحد جماعت پیپلز پارٹی ہے جس نے سیاسی اور ملکی استحکام کیلئے ہمیشہ کوششیں کیں اور قربانیاں دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp