حکام اور تصویروں کو جانچنے والے سافٹ ویئر نےتصدیق کی ہےکہ وائرل ہونے والی تصویرکو فوٹوشاپ کیا گیاہے تاکہ اس میں امریکی قونصل جنرل کو دکھایا جا سکے۔
فیس بک اور ٹوئٹر کی متعددپوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں مارخور کا شکار کیااور بعد میں اس جانور کے ساتھ اپنی تصویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔
اس تصویر میں مبینہ طور پر امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم میکانیول کوشکار کیے گئے پاکستان کے قومی جانور مارخور کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹویٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ” امریکی سفیر کا پاکستانیوں کو کھلا پیغام ، مارخور ہمارے قبضہ میں ہے۔“
اسی تصویر کو ایک اور اکاؤنٹ نے بھی اس سے ملتے جلتے کیپشن کے ساتھ ٹوئٹ کیا کہ ”امریکی سفیر ثابت کررہے ہیں کہ مارخور ان کے ہاتھ میں ہے۔“
حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کے چیف کنزرویٹر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ ” یہ تصویر فوٹوشاپ کی گئی ہے، میرے فیلڈ اسٹاف کی دی گئی معلومات کے مطابق یہ شکارکچھ برس قبل چترال میں کیا گیا تھا۔“