امیر مقام پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی ناکام، مسلح ملزمان فرار

ہفتہ 24 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے مشیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے آبائی علاقے شانگلہ میں ان پر مسلح حملہ کیا گیا جو ناکام ہو گیا۔

انجینئر امیر مقام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ شانگلہ میں نادرا دفتر کے افتتاح اور عوامی جلسے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ انہوں نے کچھ مسلح افراد کو دیکھا جو پوزیشن لے کر حملے کے لیے تیار تھے۔

امیر مقام نے بتایا کہ ان کے گارڈز اور سیکیورٹی اسٹاف کی جانب سے بروقت خبردار کرنے سے وہ فرار ہو گئے۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ ان پر حملے کی تیاری اس جگہ بھی کی گئی تھی جہاں سال 2014 میں بم حملہ ہوا تھا۔ جس میں وہ بچ گئے تھے۔

شانگلہ پولیس کے مطابق انجینئرامیر مقام پرراستے میں مشکوک افراد نے ہوائی فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے مشکوک افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امیر مقام پر حملے کی منصوبہ بندی کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ امیر مقام قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp