مہران ہائی وے پر نواب شاہ کے قریب 2 مسافر بسوں کے درمیان تصادم میں 2 خواتین سمیت 6 شہری ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق کراچی سے رحیم یار خان اور پشاور سے کراچی جانیوالی دوبسیں نواب شاہ کے علاقے دوڑ کے قریب مہران ہائی وے پر بلوچ اسٹاپ کے مقام پر تصادم کا شکار ہوگئیں، ابتدائی معلومات کے مطابق یہ جان لیوا حادثہ تیز رفتاری کے ساتھ اوور ٹیک کے باعث پیش آیا۔
ترجمان ریسکیوسروس کے مطابق دونوں مسافر بسوں میں 60 سے زائد افراد سوار تھے۔ حادثے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جنہیں سول ہسپتال دوڑ منتقل کیا گیا جبکہ دو افراد کو زخمی حالت میں پیپلز میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق 50 کے قریب زخمیوں کو پیپلز میڈیکل ہسپتال منتقل کر لیا گیا ہے جہاں تمام مسافروں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ حادثے کے زخمیوں میں سے 4 کی حالت بہت زیادہ تشویشناک ہے جن میں ایک کم عمر بچہ بھی شامل ہے۔ ان تمام افراد کو آئی سی یو وارڈ میں منتقل کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا ہے، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت در بی بی، رضیہ بی بی، بخش تیر، گل آغا، قربان میرانی، عبدالمجید سولنگی کے نام سے ہوئی ہے۔