پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ، 27 جون کو ٹوکیو میں بیٹھک ہو گی

اتوار 25 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیرھواں دور 27 جون 2023 کو ٹوکیو جاپان میں ہوگا۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا بارہواں دور 24 فروری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے تیرھویں دور میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کریں گے۔ جب کہ جاپان کے سینیئرنائب وزیر برائے خارجہ امور شیگیو یاماڈا جاپانی وفد کی قیادت کریں گے۔

باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشاورتی اجلاس کے دوران دونوں اطراف کے وفود پاکستان اور جاپان کے درمیان گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، باہمی روابط، سائنس اور ٹیکنالوجی، ثقافتی ، دونوں ممالک کے درمیان گہری وابستگی سمیت تمام دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔

یہ مشاورت پاکستان اور جاپان کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے ایک دوسرے کے قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان جاپان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا بارھواں دور24 جنوری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی قیادت پاکستان کی طرف سے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے کی تھی جب کہ جاپان کی جانب سے امور خارجہ کے سینئر نائب وزیر کینجی کاناسوگی نے نمائندگی کی تھی۔

سیاسی مشاورت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے جائزے کے لئے ایک اہم ذریعہ ہے۔ دونوں جانب سے پاکستان جاپان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور اس دیرینہ شراکت داری کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے عزم کااعادہ کیا جاتا ہے۔

مشاورتی نشست میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، عوامی رابطوں، افرادی ہنرمندی، سائنس وٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp