ایک سگریٹ ہمارےساتھ بھی پئیں، مداح کی فرمائش پر شاہ رخ خان نے کیا جواب دیا؟

پیر 26 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی بری عادتوں میں کسی اور کو شامل نہیں کرتے بلکہ یہ کام وہ اکیلے ہی کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنی پہلی فلم دیوانہ کے 31 برس مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر پرستاروں سے گفتگو کا ایک سیشن رکھا جس میں انہوں نے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے، ایک مداح نے انہیں کہا کہ ساتھ میں سگریٹ پینے چلیں گے کیا؟ اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ وہ اپنی بری عادتوں میں کسی اور کو شامل نہیں کرتے بلکہ یہ کام وہ اکیلے ہی کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے گزشتہ روز اتوار کو بالی ووڈ میں 31 برس مکمل کر لیے ہیں، انہوں نے 1992 میں آنجہانی اداکارہ دیویا بھارتی کے ساتھ فلم دیوانہ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ اس سنگ میل کا جشن منانے کے لیے انہوں نے ٹوئٹر پر مداحوں کے لیے سوالات کا سیشن کیا اور کئی دلچسپ اور کٹھے میٹھے سوالات کے جواب دیے۔

سیشن کا آغاز کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’واہ ابھی احساس ہوا کہ دیوانہ کو ریلیز ہوئے 31 برس بیت چکے، یہ کافی شاندار سفر تھا، آپ سب کا شکریہ‘۔ ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ فلم دیوانہ کے سیٹ پر ہوئی کوئی ایسی بات جو  آپ کبھی نہیں بھولیں گے؟ اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ دیویا جی اور راج جی کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ یاد رہے گا۔ کسی نے ان سے پوچھا کہ فلم دیوانہ میں آپ کی شاندار اینٹری ایک گانے سے ہوئی، جس میں آپ بائیک پر گاتے جھومتے آ رہے ہیں’کوئی نہ کوئی چاہیئے پیار کرنے والا‘، اس پر آپ کیا کہیں گے؟ شاہ رخ نے فوراً جواب دیا کہ ’مجھے ہیلمٹ ضرور پہننا چاہیئے تھا۔‘

ان سے پوچھا گیا کہ گزرے 31 برس میں آپ کی سب سے قابل فخر کامیابی کون سی ہے؟ اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ آپ جیسے بہت سے لوگوں کو کئی بار تفریح فراہم کرنے کے قابل ہونا ہی قابل فخر کامیابی ہے۔ ایک شخص نے پوچھا کہ ہمارے لیے ایک جملے میں کوئی پیغام؟ اس پر بالی ووڈ کنگ نے کہا کہ ’اپنےکام پر سخت توجہ مرکوز کریں۔‘

شاہ رخ خان نے ایک حاملہ خاتون سے بھی مکالمہ کیا جن کا کہنا تھا کہ ان کے ہاں 2 جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے، اور وہ اپنے بچوں کا نام پٹھان اور جوان رکھنا چاہتی تھی۔ اس پر کنگ خان نے کہا کہ ’سب اچھے سے ہو لیکن برائے مہربانی بچوں کا کوئی مناسب اور بہتر نام رکھیں‘۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے سدھارتھ آنند کی بلاک بسٹر ایکشن تھرلر فلم ’پٹھان‘ سے 4 سال کے وقفے کے بعد واپسی کی تھی جو رواں برس جنوری میں ریلیز ہوئی تھی۔ شاہ رخ خان اب ایکشن تھرلر فلم ’جوان‘ میں نظر آئیں گے جو رواں برس 7 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ ساؤتھ فلم ساز ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوان میں نینتھارا اور وجے سیتوپتی بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے اس ایکشن فلم کو پروڈیوس کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp