بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی کی خلا میں رونمائی کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ اکتوبر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان 28 جون بروز بدھ کیا جائے گا جبکہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی 31 جولائی سے 4 اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی کی خلا میں رونمائی کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی کی خلا میں رونمائی کی گئی ہے،کسی بھی اسپورٹس ایونٹ کی پہلی آفیشل ٹرافی ہے جسے خلا میں بھیجا گیا ہے۔
An out-of-this-world moment for the cricketing world as the #CWC23 trophy unveiled in space. Marks a milestone of being one of the first official sporting trophies to be sent to space. Indeed a galactic start for the ICC Men's Cricket World Cup Trophy Tour in India. @BCCI @ICC… pic.twitter.com/wNZU6ByRI5
— Jay Shah (@JayShah) June 26, 2023
جے شاہ کی جانب سے جاری ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ٹرافی کو ایک لاکھ 20 ہزار فٹ کی بلندی تک لے جایا گیا جہاں پر درجہ حرارت منفی 65 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، ٹرافی کا 99 اعشاریہ 5 فیصد حصہ زمین کے مدار سے باہر تیرتا رہا، واپسی پر ٹرافی کو بھارت کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد میں اتارا گیا۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی 27 جون (آج) سے دنیا بھر کا دورہ کرے گی۔ ٹرافی کویت، بحرین، ملائیشیا، امریکا، نائجیریا، یوگنڈا، فرانس، اٹلی، امریکا اور میزبان بھارت سمیت دنیا کے 18 ممالک کا دورہ کرے گی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی 31 جولائی سے 4 اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ رواں برس اکتوبر میں شیڈول ہے تاہم تاحال ورلڈکپ کے حتمی شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث کرکٹ شائقین ویزوں اور ہوٹل کی بکنگ کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہیں۔