حجاج کرام رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات پہنچ گئے

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حجاج کرام منیٰ میں قیام کے بعد لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات پہنچ گئے۔

میدان عرفات میں حجاج کرام حج کا رکن اعظم وقوف ادا کر رہے ہیں، حجاج کرام مسجد نمرہ سے خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے، خطبہ حج شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید دیں گے، خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں براہ راست نشر کیا جاتا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ خطبہ حج کا 20 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا، حجاج کرام میدان عرفات میں نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد ذکر اذکارکریں گے اور اپنی و امت مسلمہ کی بخشش کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے، اذان مغرب کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازمغرب اورعشاء ایک ساتھ ادا کریں گے۔

عازمین حج رات بھر مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے عبادت اور ذکر و اذکار کریں گے اور ہی رات گزاریں گے، یہاں پر سے ہی شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔

حجاج کرام 10 ذی الحج کو نمازفجر کے بعد مزدلفہ سے واپس منیٰ جائیں گے اور حضرت ابراہیم کی سنت کی پیروی میں رمی جمرات کریں گے، شیطان کو کنکریاں ماریں گے، بعد میں قربانی کریں گے، قربانی کے بعد حاجی احرام اتار کر اور بال منڈوا کر طواف کے لیے مسجد الحرام جائیں گے، حجاج کرام خانہ کعبہ جا کر طواف کریں گے اور واپس منیٰ جا کر ایام تشریق گزاریں گے ۔

واضح رہے کہ دنیا کےکونے کونے سے آنے والے عازمین حج 9 ذی الحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں ، میدان عرفات مکہ سے مشرق کی جانب طائف کی راہ پر 21 کلو میٹر دور ایک بڑا وسیع و عریض میدان ہے جس کا رقبہ 33 مربع کلو میٹر ہے۔

دوسری جاندوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال حجاج کرام کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے جو ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔

سعودی حکام کے مطابق رواں برس عازمین حج کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے۔

اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے رواں برس ایک لاکھ57 ہزارپاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں۔

منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کیےگئے ہیں، شعبہ گمشدگی وبازیابی، رہنمائی، شکایات اور مانیٹرنگ ڈیسک24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp