سلمان خان کو ضرور قتل کریں گے، گینگسٹر گولڈی برار

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کو انتہائی مطلوب گینگسٹر گولڈی برارنے ایک بار پھر بھارتی اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بشنوئی برادری سے معافی مانگنے کے بعد ہی بچ پائیں گے۔

ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں گینگسٹر گولڈی برار نے کہا کہ اگر سلمان خان 1998 میں کالے ہرن کو مار کر لارنس بشنوئی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر معافی نہیں مانگیں گے تو وہ سلمان خان کو ضرور قتل کریں گے، کالے ہرن کو بشنوئی برادری میں انتہائی مقدس سمجھا جاتا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کو دیے جانے والے خصوصی انٹرویو میں گینگسٹر گولڈی برار نے کہا کہ اس نے گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کیا اوراب وہ یقینی طور پر سلمان خان کو بھی قتل کرے گا۔

گینگسٹر گولڈی برار کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سلمان خان کو گزشتہ چند ماہ کے دوران گولڈی کے ساتھی گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے متعدد دھمکی آمیز کالز اور خطوط موصول ہوئے ہیں جس کے بعد ممبئی پولیس نے اداکار کی رہائشگاہ کے باہرسیکیورٹی میں اضافہ کردیا تھا۔

گولڈی برابر کا کہنا ہے کہ ’بھائی صاحب (لارنس بشنوئی) نے کہا تھا کہ سلمان خان کو معافی نہیں ملے گی، بابا تبھی رحم کریں گے جب وہ رحم محسوس کریں گے۔ ہم پہلے کہہ چکے ہیں کہ یہ صرف سلمان خان کے بارے میں نہیں ہے۔ جب تک ہم زندہ ہیں ہم اپنے تمام دشمنوں کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سلمان خان ہمارا ہدف ہیں، ہم کوشش کرتے رہیں گے اور جب ہم کامیاب ہوں گے تو آپ کو پتا چل جائے گا“۔

گینگسٹر گولڈی برار نے بھارت کے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسے سبق سکھانے کی ضرورت تھی کیونکہ وہ بہت مغرور ہو گیا تھا، سدھو موسے والا ایک انا پرست شخص تھا جس نے سیاسی اور پیسے کی طاقت کا غلط استعمال کیا۔ اسے سبق سکھانا ضروری تھا۔‘

دھمکی آمیز کالز کے لیے لوگ مجھے رقم دیتے ہیں: لارنس بشنوئی

انڈین اخبار کے مطابق بھٹنڈا کی جیل میں قید لارنس بشنوئی نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ سیاست دان اور کاروباری لوگ انہیں دھمکیوں کے لیے رقم دیتے ہیں تاکہ وہ پولیس سے اضافی تحفظ مانگ سکیں۔ لارنس بشنوئی نے اس سے قبل این آئی اے کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ سلمان خان ان کے سب سے بڑے اہداف میں شامل تھے۔

اس سے قبل اپریل میں دھمکیاں ملنے کے بعد سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ جو کچھ بھی ہونے جا رہا ہے وہ ہوگا چاہے آپ کچھ بھی کریں۔ میرا ماننا ہے کہ وہ (خُدا) اوپر موجود ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ میں آزادانہ طور پر گھومنا شروع کر دوں گا۔ اب میرے ارد گرد بہت سارے شیرا (سلمان کا ذاتی گارڈ ) ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp