سبزیوں کی برآمدات میں مئی کے دوران 38فیصد اضافہ ریکارڈ

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں سال ملک میں سبزیوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث مئی 2023 میں سبزیو ں کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان ( بی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سبزیوں کی برآمدات میں مئی 2023کے دوران 38.7فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ رواں سال مئی میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مئی 2022میں مجموعی طورپر 4.5ارب روپے کی سبزیوں کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں جو مئی 2023 میں بڑھ کر6.22ارب روپے ہوگئیں۔اس طرح مئی 2022کے مقابلے میں رواں سال مئی میں سبزیوں کی برآمدات میں 1.72ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں جولائی تا اکتوبر تک سبزیوں کی کل برآمدات 3 لاکھ 78 ہزار 826 ٹن رہیں، جس سے 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ مالی سال 2022 کے ابتدائی چار ماہ میں کل سبزیوں کی برآمدات ایک لاکھ 99 ہزار 119 ٹن رہی تھیں، جس کی مالیت 6 کروڑ 8 لاکھ ڈالر تھی۔

عالمی منڈیوں میں کم قیمت کے باوجود بھی برآمد کنندگان نے بھاری مقدار میں سبزیاں بھیجنے کی کوشش کی۔

مقدار کے لحاظ سے بھاری اضافے کے درمیان مالی سال 2023کے ابتدائی چار ماہ میں مقامی سبزیوں سے حاصل ہونے والی اوسط فی ٹن قیمتیں 284 ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال مالی سال کے اسی وقت میں فی ٹن 342 ڈالر تھیں۔

مالی سال 2022 میں سبزیوں کی 9 لاکھ 37 ہزار 203 ٹن برآمدات سے حاصل ہونے والی قیمت 31 کروڑ ڈالر تھی جبکہ مالی سال 2021 میں 9 لاکھ 50 ہزار 369 ٹن برآمد کرکے 31 کروڑ 90 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے تھے یعنی مقدار کے لحاظ سے 1 عشاریہ 39 فیصد جبکہ مالیت کے لحاظ سے 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp